حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام جمعہ ملبورن حجت الاسلام اشفاق وحیدی نے شہر ہوباٹ آسٹریلیا میں روز عاشور کے مرکزی جلوس کی قیادت کرتے ہوئے عزاداروں ماتمیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا: جو کربلا اور سے جوڑا ہوا انسان ہے وہ کبھی خواب غفلت میں نہیں سو سکتا۔ کربلا والوں کا پیغام حریت کا پیغام ہے جس کی موجودہ دور میں آگاہی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا: امام حسین علیہ السلام کی قربانی کسی ایک مکتب یا فرقہ کے لیے نہ تھی بلکہ بقائے انسانیت، بقائے دین اور بقائے اسلام کے لیے تھی جسے آنے والی نسلیں قیامت تک یاد رکھیں گی۔
حجت الاسلام اشفاق وحیدی نے کہا: روز عاشور کے جلوس مظلومیت کی نشانی اور ظالم حکمرانوں اور طاغوتی نظام کے لیے احتجاج ہیں۔ جس سے مظلوم کو تقویت ملتی ہے اور ظالم عناصر کے حوصلے پست ہوتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا: ماتم عزاداری کے ذریعے دین الہی اور اسلام زندہ و جاوید ہے۔ استعماری طاقتیں فرقہ واریت کے ذریعہ اس بیداری کی تحریک کو سبوتاژ کرنا چاہتی ہیں جنہیں کامیاب نہ ہونے دیا جائے گا۔ ہمیں مل کر اتحاد و وحدت کے ذریعہ تحریک کربلا کو مدنظر رکھتے ہوئے عوامی حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھنا ہو گی۔